بھٹکل: 9؍جون(ایس اؤ نیوز ) جمعہ صبح کو بھٹکل میں مانسون نے دستک دی ہے، جس کےساتھ ہی پورا دن ہلکی بارش کا دن رہا اور گرمی کی شدت میں تھوڑی بہت کمی دیکھی گئی۔ البتہ ہلکی بارش اور صبح بادلوں کی چمک کے ساتھ گرج کے درمیان ہوئی بارش کے بعد بحرعرب میں بپر طوفان کی وجہ سے لہروں کی سرکشی زوروں پر جاری ہے اور حالات کے پیش نظر محکمہ ماہی گیری نے 11جون تک ماہی گیروں کو سمندر میں نہ اترنے کی ہدایت دی ہے اور ضلع اُترکنڑا میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جانکاری دی گئی ہے کہ بحرعرب میں بپر طوفان حاوی ہوتا نظر آرہاہے ، لمحہ لمحہ لہروں کی رفتار میں تبدیلی اور سرکشی دیکھی جارہی ہے، اگلے دو دنوں تک یہی حالات جاری رہنےکا امکان ہے۔بپر طوفان آج رات ہی اترکنڑا ضلع کے سمندر پہنچنے کا امکان ہونےکی وجہ سے ساحل پر ہائی الرٹ جاری کیاگیا ہے۔ انہی حالات کے پیش نظر محکمہ ماہی گیری نے ماہی گیروں کے لئے ہائی الرٹ جاری کرتےہوئے سمندر میں مچھلی کے شکار کے لئے نہ اُترنے کی ہدایت دی ہے اور سیاحوں کو بھی ساحل سمندر کی سیرپر نہ جانے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔ بپر طوفان کے دوران ہوائیں فی گھنٹہ 55کلومیٹر رفتار کے ساتھ چلنےکی محکمہ موسمیات نے جانکاری دی ہے۔